کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیہ میں کہا ہے کہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سنائی گئی دس اور سات سال کی سزائیں بحال ہوچکی ہیں، سابق وزیراعظم کے پاس اب واحد راستہ یہ ہے کہ وہ پاکستان واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف ایک ٹکٹ میں دومزے چاہتے تھے کہ رہا بھی ہوجائیں اور لندن میں بھی رہیں،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی سزا بحال ہونے سے بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، نوازشریف واپس آکر اپنے کیسوں میں اپیل کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ امریکا نے ہم سے افغانستان سےافواج کے انخلاء کیلئے نہیں پوچھا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کوئی کشمیری ہندوستان کی حمایت نہیں کرتا۔
شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیے میں مزید کہا کہ خطے میں تیزی سے ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں جس کی پاکستان کیلئے بہت اہمیت ہے، کل افغانستان کے صدراشرف غنی کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہونے جارہی ہے، آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کی قیادت کے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس کی ہے
پاکستان افغانستان میں خانہ جنگی کے جن خدشات کا مسلسل اظہار کرتا رہا ہے وہ درست ثابت ہوتے نظر آرہے ہیں، اس دوران پاکستان کے افغان حکومت سے تعلقات میں کوئی بہتری نظر نہیں آرہی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن سے ایک سنگین انسانی بحران اور بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے، ہزاروں خاندان بے گھر اور بے روزگار ہورہے ہیں، آپریشن کے متاثرین مایوسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں
ان کے سامنے ان کی قیمتی املاک کو بلڈوز کیا جارہا ہے مگر ان کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں ہے، سیاسی جماعتیں صرف بیانات تک محدود ہیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہی ہیں، متاثرین مطالبہ کررہے ہیں سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ان کے گھروں دکانوں کو گرانے کے احکامات واپس لئے جائیں، متاثرین یہ شکوہ بھی کررہے ہیں کہ سپریم کورٹ نے ان کا موقف سنے بغیر ان کی املاک مسمار کرنے کا حکم دیدیا
مگر سندھ حکومت کے جن افسران نے سارے اجازت نامے دیئے ان کے خلاف کارروائی کون کرے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں
نواز شریف ایک ٹکٹ میں دومزے چاہتے تھے کہ رہا بھی ہوجائیں اور لندن میں بھی رہیں، زندگی کی گارنٹی صرف اللہ تعالیٰ دے سکتے ہیں نواز شریف کو سکیورٹی چاہئے تو مجھے بتائیں، نواز شریف واپس آنے کی بات کریں میڈیا میڈیا نہ کھیلیں، نواز شریف کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں خارج ہونا اہم فیصلہ ہے، ن لیگ کیلئے اس فیصلے کے بعد مشکلات مزید بڑھیں گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عمران خان کیلئے ترنوالہ ہے یہ وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، بجٹ اکثریت رائے سے منظور ہوجائے گا، عمران خان نا صرف پانچ سال پورے کریں گے بلکہ اگلی دفعہ بھی مقابلہ میں ہونگے، عمران خان کو کمزور سمجھنے والے غلطی پر ہیں، پاک فوج اور موجودہ حکومت کے تعلقات ایک لائن و لینتھ پر ہیں، شہباز شریف اندر سے میری پارٹی کا آدمی ہے ہماری مدر پارٹی ایک ہی ہے
مریم نواز نااہل ہیں وہ الیکشن نہیں لڑسکتیں، عمران خان معیشت بہتر اور مہنگائی کم کرینگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ حکومت کو آخری سلام کہہ رہے تھے عوام نے انہیں آخری سلام کردیا ہے، یہ ملک کو مضبوط بنانے والے اداروںکو گالیاں دیں گے تو انہیں اپنا سیاسی مستقبل پتاہونا چاہئے، پاکستان کو اندر سے کمزور کرنا عالمی طاقتوں کی کوشش ہوگی
پاک فوج کی موجودگی میں پاکستان کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، عمران خان کا ووٹر لٹیروں کے احتساب کے حق میں ہے، عمران خان لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کی پوری کوشش کرر ہے ہیں لیکن عدلیہ کے آگے کسی کا بس نہیں چلتا ہے، ملک میں صرف ایک قومی پارٹی تحریک انصاف اور ایک قومی ادارہ فوج ہے۔