مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف جیل توڑ کر نہیں گئے، حکومت نے خود انہیں باہر بھیجا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اس وقت انصاف کی توقع صرف جہانگیر ترین، زلفی بخاری اور عامر کیانی کو ہی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جس مقدمے میں 6 ماہ جیل میں گزارے کوئی بتاسکتا ہے وہ مقدمہ کیا تھا؟، یہ ایوانوں پر مسلط ہوکر ملک کو لوٹ رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف جیل توڑکر نہیں گئے حکومت نے باہر بھیجا ہے، سابق وزیر اعظم نیب کی تحویل میں تھے تو ان کی صحت خراب ہوئی۔
اُن کا کہنا تھاکہ ان کے اسپتال اور ڈاکٹر نے نواز شریف کے ٹیسٹ کیے، جس پر کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانےکی اجازت دی۔
رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہمارےساتھ ناانصافی ہوئی اور اب بھی ظلم ہورہا ہے جبکہ چار سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی انہی ٹرانزیکشن کو یہ منی لانڈرنگ بنا رہے تھے، کاروباری ٹرانزیکشن کو الجھایا جارہا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ شریف فیملی کا بزنس سلمان شہباز دیکھ رہے تھے، اگر سلمان شہباز کو انصاف ملے گا تو وہ یہاں آکر حقائق سامنے رکھ دیں گے، شہباز شریف اس امید پر ہیں کہ شاید میرے ساتھ انصاف ہوگا۔