• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ملکی تاریخ کا مہنگا ترین وزیراعظم ہے، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی اختتامی تقریر سے ثابت ہوگیا کہ حکومت غیر سنجیدہ ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ اس حکومت کا ہر کام غیر سنجیدہ ہے، بجٹ بھی غیر سنجیدگی سے بنایا، وزیر خزانہ نے قوم کو گمراہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی نظیر نہیں ملتی کہ کسی بجٹ میں اتنی غلطیاں اور تضادات ہوں، دراصل عمران خان ملکی تاریخ کا مہنگا ترین وزیراعظم ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تھی تو عوامی قرض 15 ہزار ارب روپے تھا، جب ہماری حکومت گئی تو عوامی قرض 25 ہزار ارب روپے تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہمارے دور کے 10 ہزار کے قرض پر قرض کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ میں ثابت کروں گا کہ پچھلی حکومت یہ قرض کھا گئی ہے اور میں انہیں پھانسیاں لگاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ قرض کمیشن کی رپورٹ 3 سال میں اس لیے نہیں آسکی کیونکہ انہیں بتایا گیا کہ آپ نے اس سے زیادہ قرض لے لیا ہے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ قرض کمیشن نے عمران خان کو بتایا کہ پچھلی حکومت نے قرض لیا تھا تو کچھ کرکے دکھایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے پونے 3 سال میں ساڑھے13 ہزار ارب روپے کا قرض لیا، ہم نے 10 ہزار ارب قرض سے لاتعداد ترقی کے منصوبے دیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 11 ہزارمیگاواٹ بجلی بناکر دی، بجلی کے کارخانے لگائے، ہم نے 2 ہزار کلومیٹر موٹرویز بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ قرض لیا تو سی پیک دیا، گوادر کی بندرگاہ بنائی، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر پورے ملک میں یونیورسٹیاں بنائیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے ساڑھے13000ارب قرض بھی لے لیا اور ملک کو کریش اکانومی دی،آپ نے قرض پونے 3 سال میں پھونک دیا اور ایک نئی اینٹ بھی نہیں لگائی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے جو 2 ہزار کلو موٹرویز بنائیں، یہ نالائق 3 سال میں اس کے سروس ایریاز تک نیلام نہیں کرسکے، موجودہ حکومت نے پاکستان کو قرض کی کھائی میں دھنسا دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہاکہ آپ کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں اور آپ الٹا ہمیں طعنے دیے جا رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لینےوالی پی ٹی آئی حکومت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کے مہنگا ترین وزیراعظم عمران خان ہیں، جس نے وزیراعظم ہاؤس پر ایک ارب روپیہ لگادیا، آپ کیسے کہتے ہیں کہ خان بڑا عاجز اور سادگی پسند ہے؟

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ پر 2 ارب روپے خرچ آرہا ہے اور حکومت نے اس کو مفلوج کردیا ہے، 50 آرڈیننس جاری کرکے 700 ارب کے ٹیکس لگائے گئے ہیں۔

تازہ ترین