پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار انور اقبال نے ناسازیِ طبیعت کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی طبیعت کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
انور اقبال کے نام سے منسوب ایک فیسبُک اکاؤنٹ سے پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دعائیں کرنے والے تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں لیکن مجھے کچھ لوگوں نے مایوس بھی کیا ہے۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ دورانِ علاج میری تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں جس سے مجھ سمیت میری فیملی کی پرائیویسی متاثر ہوئی ہے۔
انور اقبال نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ لوگ کچھ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کی نجی زندگی کا خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکار انور اقبال کو شدید علالت کی وجہ سے کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔
انور اقبال کے اہلخانہ کے مطابق اداکار طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور اب اُن کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے۔
اہلخانہ نے مداحوں سے اداکار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔