پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے اداکار و ہدایتکار یاسر نواز کے اُن کے مخالف بیان پر اُنہیں کرارا جواب دے دیا۔
حال ہی میں علیزے شاہ نے ایک ویب چینل شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔
دورانِ گفتگو میزبان نے علیزے شاہ سے یاسر نواز کے اُس بیان کے حوالے سے پوچھا جو اُنہوں نے اداکارہ کے بارے میں دیا تھا۔
میزبان کے پوچھنے پر علیزے شاہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح پانچوں اُنگلیاں برابر نہیں ہوتیں، اُسی طرح آپ بھی ہر کسی کے ساتھ بہترین تعلقات نہیں بنا سکتے۔‘
علیزے شاہ نے کہا کہ ’ہمارا سیٹ ایک فیملی کی طرح ہوتا ہے اور جس طرح فیملی میں کبھی ہماری اپنی امّی سے نہیں بنتی، کبھی ابّو سے نہیں بنتی، اسی طرح سیٹ پر ہر ایک انسان سے بہترین تعلقات نہیں بنتے۔‘
اداکارہ نے نام لیے بغیر یاسر نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’جس انسان کی کسی سے نہیں بنتی تو وہ یہ کہہ دیتا ہے کہ علیزے کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی میرے ساتھ بدتمیزی کرے گا تو میں بھی پھر اُس کو ویسا ہی جواب دوں گی۔‘
علیزے شاہ نے مزید کہا کہ ’میں کسی بدتمیزی پر خاموش نہیں رہ سکتی، جو انسان جیسا ہوگا، اُسے جواب بھی ویسا ہی ملے گا۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ندا یاسر اور اُن کے شوہر یاسر نواز نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ندا سے سوال کیا تھا کہ ’یاسر کو کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنے میں مشکل ہوئی؟‘
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ندا نے کہا تھا کہ ’بطورِ اداکار یاسر کو علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے میں بہت مشکل ہوئی تھی کیونکہ اُن کے ساتھ یاسر کی کیمسٹری نہیں بن پارہی تھی۔‘
یاسر نواز نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں واقعی علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگیا تھا اور میں پچھتانے لگا تھا کہ آخر میں نے اس اداکارہ کے ساتھ کام کیوں کیا۔‘
واضح رہے کہ علیزے شاہ نے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اداکار یاسر نواز کے ساتھ کام کیا تھا جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔