پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے اداکار و ہدایتکار یاسر نواز کے بیان کے بعد انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ شیئر کردی۔
علیزے شاہ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی جس میں وہ ہمیشہ کی طرح خوبصورت لگ رہی ہیں۔
اداکارہ نے تصویر کو ایک مختصر اور موجودہ صورتحال کی مناسبت سے کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’چلیں! کوئی بات نہیں۔‘
علیزے شاہ کی یہ پوسٹ دیکھنے کے بعد اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے ایسا کیپشن یاسر نواز کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے لکھا ہے۔
اس کے علاوہ علیزے شاہ نے اپنی ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں اُنہوں نے امریکی گلوکارہ بلی ایئلیش کا مقبول ترین گانا ’نوٹ مائے ریسپانسیبلیٹی‘ کے بول لکھے ہیں۔
اس گانے میں بتایا گیا کہ لوگ میرے نظریات، میرے لباس، میرے میوزک، میرے وجود پر تنقید کرتے ہیں، کچھ مجھ سے نفرت کرتے ہیں اور کچھ مجھے سراہتے ہیں۔‘
گانے میں مزید کہا گیا کہ آپ میرے بارے میں کیسی سوچ رکھتے ہیں، یہ میری ذمہ داری نہیں ہے۔‘
یاد رہے کہ حال ہی میں ندا یاسر اور اُن کے شوہر یاسر نواز نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ندا سے سوال کیا تھا کہ ’یاسر کو کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنے میں مشکل ہوئی؟‘
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ندا نے کہا تھا کہ ’بطورِ اداکار یاسر کو علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے میں بہت مشکل ہوئی تھی کیونکہ اُن کے ساتھ یاسر کی کیمسٹری نہیں بن پارہی تھی۔‘
یاسر نواز نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں واقعی علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگیا تھا اور میں پچھتانے لگا تھا کہ آخر میں نے اس اداکارہ کے ساتھ کام کیوں کیا۔‘
واضح رہے کہ علیزے شاہ نے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اداکار یاسر نواز کے ساتھ کام کیا تھا جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔