• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نوجوان اداکارہ علیزے شاہ کا ساتھ دینے میدان میں آگئے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اداکار یاسر نواز کی وہ ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ علیزے شاہ کے بارے میں بات کررہے تھے کہ اُنہیں اداکارہ کے ساتھ کام کرکے پچھتانا پڑا تھا۔

یاسر نواز کی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکار فیروز خان نے لکھا کہ ’میں نے علیزے شاہ کے ساتھ کام کیا ہے اور میرا تجربہ کافی اچھا ثابت ہوا۔‘

فیروز خان نے کہا کہ ’علیزے شاہ ابھی نوجوان اداکارہ ہیں اور اُن کی فیملی اور دوستوں میں سے کسی کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے لہٰذا اُنہیں ابھی بہت کچھ سکھانا ہے جس میں تھوڑا وقت لگے گا۔‘

اداکار نے کہا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب میں انڈسٹری میں آیا تھا تو مجھے بھی کچھ لوگوں کی جانب سے بہت تنگ کیا گیا تھا جبکہ میرے خاندان کا تو پہلے سے ہی شوبز انڈسٹری سے تعلق تھا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’نامور فنکاروں کی جانب سے انڈسٹری کے نوجوان اداکاروں پر تنقید کرنا درست نہیں۔‘

یاد رہے کہ حال ہی میں ندا یاسر اور اُن کے شوہر یاسر نواز نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ندا سے سوال کیا تھا کہ ’یاسر کو کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنے میں مشکل ہوئی؟‘

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ندا نے کہا تھا کہ ’بطورِ اداکار یاسر کو علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے میں بہت مشکل ہوئی تھی کیونکہ اُن کے ساتھ یاسر کی کیمسٹری نہیں بن پارہی تھی۔‘

یاسر نواز نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں واقعی علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگیا تھا اور میں پچھتانے لگا تھا کہ آخر میں نے اس اداکارہ کے ساتھ کام کیوں کیا۔‘

واضح رہے کہ علیزے شاہ نے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اداکار یاسر نواز کے ساتھ کام کیا تھا جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین