چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی سید شرف نے کہا ہے کہ صرف 38 امتحانی مراکز پر پرچہ دیر سے پہنچا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ گفتگو میں سید شرف نے کہا کہ سینٹر کنٹرول آفیسر نے امتحانی پرچے مراکز پر پہنچانے تھے وہ اسے کلیکٹ کرنے ہی نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ آفیسر کے نہ آنے پر بورڈ کے اسٹاف نے پرچے امتحانی مراکز پر پہنچائے، جس کے باعث تاخیر ہوئی۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی نے کہا کہ سازش لگتی ہے کہ سینٹر کنٹرول آفیسرز نے مسئلہ پیدا کیا ہے، جس کے بعد سی سی اوز کے آرڈرز کینسل کرکے اب سپرنٹنڈنٹ کی ڈیوٹی لگائی ہے۔
سید شرف نے مزید کہا کہ اب سپرنٹنڈنٹ حب سے پیپر لے گا اور حب کی تعداد بھی 11 سے بڑھاکر 18کردی ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی نے اعتراف کیا کہ یہاں انتظامی بے ضابطگیاں ہیں، جس کی وجہ سے پرچہ لیک ہوا، ہم اس حوالے سے میکنزم بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے برسوں رینجرز کی ڈیوٹی لگائے جانے سے کاپی کلچر کافی حد تک ختم ہوگیا تھا، اب وہی پولیس اور وہی ٹیچر ہونے کے باعث کاپی کلچر ختم نہیں ہوسکا۔