• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب دلیپ کمار احمد فراز کو دیکھ کر شعر بھول گئے

بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار ایک تقریب میں شرکت کے دوران احمد فراز کو دیکھ کر شعر بھول گئے تھے۔

یوٹیوب پر ایک ’ٹرسٹ‘ کی ویڈیو موجود ہے جس میں پہلے احمد فراز دلیپ کمار اور سائرہ بانو کیلئے تعریفی الفاظ کہہ کر اپنی مشہور زمانہ غزل ’سُنا ہے لوگ اسے آنکھ بھر کر دیکھتے ہیں‘ سُناتے ہیں، اور محفل میں موجود لوگوں کی خوب داد سمیٹتے ہیں۔

احمد فراز یہ بھی کہتے ہیں کہ ’ہم پشاور میں چاہے کسی کا نام کچھ بھی ہو اگر اس کے نام کے ساتھ خان لگا ہو تو ہم اسے محبت سے ’جان‘ کہتے ہیں۔ کیونکہ یہ ’یوسف جان‘ سے محبت ہی ہے۔‘

میزبان کی دعوت پر دلیپ کمار اسٹیج پر آتے ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ میں یہاں جو شعر سنانے آیا تھا وہ تو سامعین کو دیکھ کر بھول ہی گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس خوبصورت محفل میں اتنے رنگ بھرے ہوئے ہیں، کہ آنکھیں چکا چوند ہوتی ہیں اور ذہن ماؤف ہوجاتا ہے۔

محفل کے حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ ’شاعرانہ لحاظ سے دیکھا جائے تو محفل میں بڑی خوبصورت کیفیات ہیں، اور میری یہ باتیں سُن کر احمد فراز دل ہی دل میں مسکرا بھی رہے ہیں۔

لیکن پھر وہ محفل کے شرکاء کے اصرار پر یہ شعر سناتے ہیں۔

مجھے تو ہوش نہیں آپ مشورہ دیجیئے

کہاں سے چھیڑوں فسانہ کہاں تمام کروں

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی برسوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین