سینیٹر فیصل جاوید نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مختلف مواقعوں کی یادگار تصاویر جاری کردی ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں دلیپ کمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’دلیپ کمار واقعتاً ایک افسانوی اداکار اور انسان دوست شخصیت تھے۔ ان کی آفاقی اداکاری کے انداز نے اداکاروں کی نسلوں کو متاثر کیا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے لکھا کہ ’انہوں نے بہت سارے رفاہی اور معاشرتی اقدامات میں بھی حصہ لیا تھا۔ انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ نشانِ امتیاز بھی دیا گیا۔‘
اس ٹوئٹ میں انہوں نے دلیپ کمار کی عمران خان کے ہمراہ چند یادگار تصاویر جاری کیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں سینیٹر فیصل جاوید نے دلیپ کمار کے عمران خان کیلئے سنہری الفاظ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
شوکت خانم اسپتال کیلئے فنڈز اکھٹا کرنے کی ایک تقریب میں دلیپ کمار عمران خان کیلئے کہا تھا کہ ’خوش نصیب تھی وہ ماں جس کی کوکھ سے اس قدر حسین، شجاعت والا بچہ پیدا ہوا جس کے اتنے بلند ارادے ہیں۔‘
دلیپ کمار نے عمران خان کی کاوش کو سراہا اور اُن کے بلند ارادوں کی تعریف کرتے ہوئے چہرے پر نفاست، سوچ میں پختگی، ارادوں کا پکا، جیت کی لگن ،کچھ کر دکھانے کی جستجو، عملی زندگی میں کامیاب جیسے الفاظ عمران خان کے لیے استعمال کیے۔
واضح بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی برسوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔