راولپنڈی(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ 25تاریخ کو انشا ﷲ وزیر اعظم عمران خان اور ان کا انتخابی نشان بلا کشمیر میں حکومت بنانے جا رہاہے پاکستان دنیا کے ایسے خطے میں واقع ہے بلاول میرے دل کا جانی ہے۔
اس کے بغیر کشمیر میں مزہ نہیں زبان ،دنیاکی کوئی سپر پاور ہمیں نظر انداز نہیں کرسکتی خواہ وہ چین ،امریکہ یا روس ہو ،ہمیں ﷲ نے ایسے مقام پر بنایا ہے کہ ہمارے بغیر کسی کی دال نہیں گل سکتی اور آج ہمارے پاس ایسی منظم فوج اور منظم ادارے ہیں جنھوں نے پاکستا ن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں اور گمنام شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے۔
ساری قوم پاکستان کی سلامتی کے لیے پاک فوج اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور موجودہ حکومت اور پاک فوج مل کر انشاء ﷲ تعالیٰ افغانستان میں امن کی راہ ہموار کریں گے ،طورخم بارڈر پہ موجود جو لوگ ویکسینیٹ ہو ہو چکے ہیں ان کو فی الفور بارڈر کراس کرادیں گے۔اب دو ہی بارڈر کھلے رہیں گے ایک چمن اور دوسرا طورخم ۔
افغانستان میں سلجھا ہوا طالبان جنم پاچکا یے یہ گن سے نہیں مزاکرات سے فیصلہ کرنے والے ہیں طالبان سے مزاکرات پاکستان سمیت سب کے حق میں ہے۔کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی اور تحریک انصاف تاریخی کامیابی حاصل ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے اتوار کو راولپنڈی میں آزاد کشمیر انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقہ ایل اے 43ویلی 4کے امیدوار جاوید بٹ اور پی ٹی آئی راہنما سید اسماعیل شاہ کی جانب سے ناشتہ کی تقریب کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہاکہ اب ملک کا سوال نہیں ہے بلکہ خطے کا سوال ہے ،افغانستان ایک خود مختار ملک ہے اور افغانی جو بھی فیصلہ کریں ہمیں قبول ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈنکے کی چوٹ پر کہاہے کہ ایب سلوٹلی ناٹ اوریہ ساری دنیا میں شائع ہوا ہے۔دنیا بھر میں اپوزیشن کے صرف بینک اکاونٹ ہیں ،برطانیہ کو پتہ ہے کہ ن لیگ کی یہاں کتنی جائیداد یں ہیں اور امریکہ کو بھی پتہ ہے کہ ان کے کتنے اکاونٹس ہیں ،یہ کس منہ سے دنیائے سیاست میں باتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف کشمیر کاکیس ٹی وی پہ لڑ رہی ہے، لیکن ایک وقت آئے گا کہ وزیر اعظم عمران خان یہ کیس دنیا میں لڑیں گے۔پنجاب ،خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور بلوچستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہے جبکہ کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کررہے ہیں ،ان کا لہجہ غیر پارلیمانی ہے ،وہ ابھی سے دھاندلی کا شور مچارہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ وہ 25جولائی کو ہارنے جبکہ عمران خان حکومت بنانے جارہے ہیں ،توقع ہے کہ دورہ کشمیر کے موقع پر میں بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہوں گا۔
وقت ثابت کرے گا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسلہ کشمیر کو دنیا میں کیسے اجاگر کیا ہے، اپوزیشن والے صرف ٹی وی پر عمران خان کے خلاف باتیں کر تے ہیں ،اس خطے کی سیاست بدلنے جارہی ہے۔ بلاول میرے دل کا جانی ہے۔ اس کے بغیر کشمیر میں مزہ نہیں،مریم غیر پارلیمانی زبان استمال کررہی ہیں۔
کشمیر میں جاکر عمران خان پر نشانہ بازی کرتے ہیں ابھی سے دھاندلی کا شور مچارہے ہیں ان کی سیاسی تکلیف اللہ ہی دور کرے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک کی خوش قسمتی ہے کہ اس ملک میں دو چیزیں قومی ہیں ،ایک پاکستان تحریک انصاف قومی جماعت اور پاکستانی فوج ایک قومی فوج ہے جس کے پیچھے سارا پاکستان کھڑا ہے۔
فوج نے قومی سلامتی کی جو بریفنگ دی ساری اپوزیشن ،ساری جماعتیں پاک فوج کے ساتھ ہیں ،ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں ہماری خواہش ہے کہ جمیعت اسلامی یعنی اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ اور کرزئی بھی جبکہ دوسری جانب ملا برادران ،استاد عطائی محمد اور دیگر سارے مل بیٹھیں۔
1979میں روس افغانستان میں آیا 42سال ہوچکے ہیں۔ افغان قیادت سے بات چیت کرنا،معاملات طے کرنا اور مذاکرات کرنا پاکستان سمیت خطے کی ضرورت ہے ،اگر چین نے ایران میں چار سوارب ڈالر کی انویسٹمنٹ کی بات کی ہے وہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ازبکستان تک ہم جو ٹرین لے کر جانا چاہتے ہیں وہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتا۔چین روس ایران پاکستان ایک بدلے ہوئے خطے ہیں ،بھارت کی افغانستان میں جگ ہنسائی ہوئی ہے ،آج بھارت کے لیے افغانستان سے نکلنے یا بھاگنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ،وہ بھارت جس نے 40برس تک پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے وہاں عوام کو منظم کیا ۔
پاکستان کے خلاف دنیا کے میڈیا کو غلط اطلاعات فراہم کیں ہم ساری دنیا کو یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم افغانستان میں امن کے لیے پہلے بھی ساری دنیا کے ساتھ تھے اور آج بھی دنیا کے ساتھ ہیں لیکن اب پاکستان افغانستان کے خلاف کسی بھی کارروائی میں اڈے نہیں دے گا یہ عمران خان کا اٹل فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم بھی یہی چاہتی ہے کہ ہم آلہ کار نہ بنیں غیرت سے جئیں ،جولوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان پہ پریشر ہے ،پاکستان پہ کوئی پریشر نہیں ۔