عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے نوواک جوکووچ کو ومبلڈن ٹینس چیمپین شپ کا ٹائٹل اور آسٹریلیا کی ایش بارٹی کو ومبلڈن ٹینس چیمپیئن شپ میں خواتین مقابلہ جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
پریانکا چوپڑا ومبلڈن 2021 کا فائنل دیکھنے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ اسٹیڈیم گئیں اور ٹینس کے اس سب سے بڑے ایونٹ سے خوب لطف اندوز بھی ہوئیں۔
اس ضمن میں پریانکا چوپڑا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ومبلڈن کے دورے کی چند تصاویر شیئر کی ہیں، ان تصویروں میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کافی خوش نظر آرہی ہیں۔
انہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ومبلڈن پر اس ہفتے کا اختتام بہت حیرت انگیز تھا۔‘
اداکارہ نے جوکووچ اور ایش بارٹی کوان کے میچز میں ناقابل یقین کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
انہوں نے آل انگلینڈ کلب کے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’خصوصی طور پر آل انگلینڈ کلب کے چیئرمین ایان ہیوٹ اور ر یفلورین کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے ایونٹ کا خصوصی مہمان بنایا۔‘ٰ
خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی نمبر ایک جوکووچ نے اٹلی کے مٹیو بریٹینی کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی تھی۔
جوکووچ کو پہلے سیٹ میں 6-7 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین سیٹس 4-6، 4-6 اور 3-6 سے اپنے نام کیا۔
دوسری جانب ایشلے بارٹی نے فائنل میں چیک ری پبلک کی کیرولینا پلسکووا کو شکست دی تھی، بارٹی کی جیت کا اسکور 3-6، 7-6 اور 3-6 تھا۔