• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کا ایران اور پاکستان میں انسانی امداد کیلئے 22 ملین یورو کا اعلان

یورپین یونین نے ایران اور پاکستان میں انسانی امداد کیلئے 22 ملین یورو کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس میں سے 15 ملین ایران اور 7 ملین پاکستان کیلئے ہونگے۔

یورپین یونین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یورپین کمیشن نے ایران اور پاکستان میں سب سے زیادہ ضرورت مند لوگوں کیلئے 22 ملین ڈالر کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس رقم سے انسانوں کی جانب سے پیدا کردہ بحرانوں، عالمی وباء کوویڈ-19، آب و ہوا اور خطے میں دیگر قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی مدد ہو سکے گی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یورپین کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ جانز لینارسک نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں کو ایک بار پھر قدرتی آفات سے خطرہ ہے اور دونوں کورونا وائرس سے شدید متاثر ہیں۔

دوسری جانب ایران اور پاکستان دنیا بھر میں افغان مہاجرین کے اصل میزبان ممالک بھی ہیں۔ اس لیے اس نازک وقت پر دونوں ممالک میں موجود انسان دوست بین الاقوامی تنظیموں کی مدد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

اپنے اعلامیے میں یورپین کمیشن نے مزید کہا کہ دی جانے والی یورپین امداد کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔ جبکہ اسے صرف اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں کو فراہم کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین