اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کا پاکستان بغور جائزہ لے رہا ہے‘ افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں تاہم اس ضمن میں عالمی برادری کی مدد درکار ہے، افغان گروپوں سے ہمارا رابطہ ہے‘بین الاقوامی برادری افغان مہاجرین کے مسئلہ پر پاکستان کا ساتھ دے۔
وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں تنظیم پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ‘الیکشن کمیشن سے تنظیم کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کیلئے اقدامات وفاقی وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کریں گے۔
تحریک لبیک نام بدل کر بھی کام نہیں کرسکے گی ‘سابق حکمرانوں ‘ ریٹائرڈ ججز اور بیوروکریٹس سے سکیورٹی پروٹوکول بتدریج واپس لیا جائے گا‘عید الاضحی کے موقع پر سعودی عرب سے 85 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے،ان قیدیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی طیارہ بھجوایا جا رہا ہے۔
انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ بہت سے نکات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، گذشتہ روز پانچ لاکھ 25 ہزار کووڈ کی ڈوزز لگائی گئیں، اب تک 2 کروڑ پاکستانیوں کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے‘وفاقی کابینہ نے عیدالاضحیٰ پر تین چھٹیوں ‘پاک فوج کے لئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الائونس 2021ء دینے اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی درخواست پر ان کے خلاف سندھ حکومت کی جانب سے قائم مقدمات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے پولینڈ، آسٹریلیا، فرانس، چیک ری پبلک، ہنگری اور ترکی سےباہمی قانونی معاونت کے حوالے سے موصول شدہ درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے ان درخواستوں کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے‘ محمد امجد خان کو سی ای او اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن تعینات اور49ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دیدی ۔ یہ وہ ادویات ہیں جو پاکستان میں نہیں بن رہی تھیں۔
منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دو سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ گذشتہ سال سول و فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔
بعد ازاں سول ملازمین کے مطالبہ پر ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔یوں سول ملازمین کی تنخواہوں میں 35فیصد جبکہ فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر رینجرز اور ایف سی کو بھی اسپیشل الاوَنس میں شامل کیاجائیگا۔
فوادچوہدری نے بتایا کہ الیکٹورل ریفارمز کے حوالے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ بہت سی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے،انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک جو لیبر طبقہ جیلوں میں ہے ان کے لئے یہ بڑی خوش خبری ہے۔ جو قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں ان کو واپس لانے کا کام کافی تیزی سے جاری ہے۔
کراچی اور خیبر پختونخوا میں کووڈ کے کیسز بڑھے ہیں، پنجاب میں صورتحال کنٹرول میں ہے،انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو اہم شخصیات بشمول وزرا، وزرائے مملکت اور منتخب نمائندوں، جج صاحبان ، سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کی سیکورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی صورتحال پیش کی گئی۔
کابینہ سے کہیں زیادہ پروٹوکول اپوزیشن اور سابقہ بیورو کریٹس کے پاس ہے۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ایک جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے۔
چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ مون سون شجرکاری کے حوالے سے حکومت حالیہ مون سون شجرکاری کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کرے گی۔ وزیرِاعظم نے تمام وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر مکمل عمل درآمد کریں ۔ نیوی اور ایئر فورس سے کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی دیواریں پیچھے ہٹا دیں، انہوں نے اس پر عمل شروع بھی کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان کی مصنوعات کا تحفظ کرنے کے لئے وفاقی کابینہ نے وزارتِ کامرس کی جانب سے نشاندہی کی جانے والی چند زرعی اور غیر زرعی مصنوعات کی جیوگرافیکل انڈیکیشن (رجسٹریشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2020ء کے تحت رجسٹریشن کی منظوری دی۔