پشاور(نیوز رپورٹر)پشاورہائیکورٹ میں چارسدہ میں قتل کیس کے مطلوب ملزم کے رشتہ داروں کو ہراساں کرنے اور گھر پر غیرقانونی چھاپہ مارنے کےخلاف دائر رٹ کی سماعت کت دوران ایس ایچ او چارسدہ عدالت کے روبروپیش ہوگئے ،عدالت عالیہ نے یس ایچ اوکوآئندہ درخواست گزاروں کے گھر پرچھاپہ مارنے، کسی قسم کی کارروائی یا چادراورچاردیواری کی پامالی سے روکتے ہوئے رٹ پٹیشن نمٹا دی۔ شکیل احمد خیل ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر محمد طارق وغیرہ کی رٹ میں موقف اپنایاگیا کہ درخواست گزار وں کا تعلق گاؤں گلشن آبادترناب روڈچارسدہ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا رشتہ دار ساجد قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے ، جس پر ایس ایچ او تحصیل چارسدہ اور دیگراہلکاروں نے چادراور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے گھرپرچھاپہ مار ا اور انہیں ہراساں کرنیکی کوشش کی۔ ایس ایچ او نے عدالتی استفسارپر الزامات کی تردید کی۔ عدالت نے حکم نامے میں قراردیاکہ گر ملزم کسی مقدمے میں مطلوب ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔