وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان پاکستان سے جوڑے گا، اس منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ وزیراعظم آج تاشقند میں وسطی و جنوبی ایشیائی رابطہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں، اگر ہمارے خطے نے معاشی و اقتصادی طور پر آگے بڑھنا ہے تو ربط ضروری ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ کل ازبکستان کے صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ وزیر اعظم اور میری ملاقات ہوئی، ملاقات میں خطے میں کنیکٹوٹی کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ، ازبکستان کو براستہ افغانستان پاکستان سے جوڑے گا، اس حوالے سے بھی ہمارا تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ہم نے پورے روٹ کا جائزہ لیا، منصوبے میں مشکلات محض افغانستان کی صورتحال کے باعث آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان کی صورتحال بہترہوئی تو ہم اس منصوبے پر آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان اس منصوبے کی فزیبلیٹی کیلئے ورلڈ بینک کے ساتھ پہلے سے رابطے میں ہے، ہماری بندرگاہیں وسطی ایشیا، افغانستان کو سمندر تک رسائی کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتی ہیں۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہماری بندرگاہوں سے ان ممالک کی تجارت کو فروغ ملے گا، اس طرح خطے میں گوادر پورٹ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے اعلی نمائندے جوزف بوریل سے بھی ملاقات ہو گی، بوریل سے ملاقات میں افغانستان زیر بحث رہے گا۔