• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی مفکر اور شاعر شیکسپیئر نے ایک موقع پر کہا تھا ’’یہ دنیا ایک اسٹیج ہے، یہاں لوگ آتے ہیں، اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور پھر دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں‘‘ تاہم کچھ کردار ایسے ہوتے ہیں جن کی اہمیت وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی چلی جاتی ہے اور جوں جوں وقت گزرتا ہے ان کی شخصیت کے مختلف پہلو تہہ در تہہ انداز میں سامنے آتے ہیں اور وقت کی گردان ایسی شخصیات کو متعارف کراتی ہے ان ہی شخصیات میں سے ایک شخصیت بزرگ سیاستدان، سابق وزیراعظم، ممتاز قبائلی رہنما، چیف جسٹس(ر) میر ہزار خان کھوسہ تھے جو ہم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جدا ہو گئے، حقیقت یہ ہے کہ دنیا فانی ہے، جو بھی یہاں آتا ہے آخر کار اسے کوچ کرنا ہی پڑتا ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ہر نفس نے موت کا ذائقہ چھکنا ہے لیکن بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں کہ وہ مرنے کے بعد بھی اپنے اخلاق و کردار کی بدولت ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔ میر ہزار خان کھوسہ کا شمار بھی ایسی ہی شخصیات میں ہوتا تھا۔ انتہائی سادا مزاج شخصیت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ معاملہ فہم و دور اندیش انسان تھے۔ وہ 30دسمبر 1929کو ضلع جعفر آباد کے کے قصبے اعظم خان میں پیدا ہوئے. ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی۔ 1954میں سندھ یونیورسٹی سے گریجویشن کے بعد کراچی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ 1957میں بحیثیت وکیل اپنے کیئریر کا آغاز کیا جبکہ 1980میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ میر ہزار خان کھوسہ نہ صرف اعلیٰ پایہ کے سیاست دان تھے بلکہ بہترین منصف اور حق گو انسان تھے۔ میر ہزار خان کھوسہ 20جون 1977کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ 13دسمبر 1989کو بحیثیت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا، 17نومبر 1992کو وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ بزرگ سیاستدان میر ہزار خان کھوسہ نے 25مارچ 2013کو بحیثیت نگران وزیراعظم عہدے کا حلف لیا اور5 جون 2013تک بحیثیت وزیراعظم پاکستان فرائض سرانجام دیے۔ اسی عرصہ میں بیک وقت وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع اور وزارتِ خزانہ کا قلمدان بھی ان کے پاس رہا۔ میر ہزار خان کھوسہ دو مرتبہ مختصر مدت کے لئے نگران گورنر بلوچستان بھی رہے جبکہ اپنی ایمانداری اور مخلص شخص ہونے کی وجہ سے زکوٰۃ کونسل کے چیئرمین بھی مقرر ہوئے اور کئی سال اس عہدے پر بھی باطریقہ احسن فرائض سرانجام دیے۔ میر ہزار خان کھوسہ 26جون 2021کو 91برس کی عمر میں انتقال کر گئے اور ان کی تدفین آبائی قبرستان کٹبار شریف میں کی گئی۔

تازہ ترین