وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ پر ووٹ خریدنے کا الزام لگادیا۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں نقب لگانے سے باز رہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے الیکشن میں نقب لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ن لیگ پیسوں کے ذریعے لوگوں کے ضمیر سے خریدنے سے باز رہے، پی ٹی آئی نوٹوں سے نہیں، ووٹوں سے الیکشن جیتے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں شاہی خاندان کے خرچے پر پلنے والے غلام ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو کورونا وائرس کے ایس او پیز کیخلاف ورزی سے روکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، کشمیر کے الیکشن پر نقب زنی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی یتیم اور بونا اپنا قد اونچا کرنے کے لیے بونگھیاں مار رہے ہیں۔