وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر سیالکوٹ سے راجن پور آنے والی مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غم کی گھڑی میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر سیالکوٹ سے راجن پور آنے والی مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک ٹکر ہو گئی جس کے باعث 25 افراد جاں بحق جبکہ بیشتر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیّر عالم کے مطابق حادثے کی شکار بس میں 75 مسافر سوار تھےجن میں سے 60سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، تمام زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔