پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ دفاع پر نیا نغمہ ’اللّٰہ ھو‘ اور 6 ستمبر 1965 پر نئی ڈاکیومنٹری جاری کردی ہے۔
ساحر علی بگا کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے اس نغمے میں تینوں مسلح افواج کی بہادری، سرحدوں کے محافظ پاک فوج کے جانبازوں اور پاکستانی قوم کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
اس نغمے میں پاکستان کی مسلح افواج کے دفاعِ وطن کی شاندار عکاسی کی گئی ہے جبکہ ’اللّٰہ ھو‘ کی گونج دشمن کو للکار اور وطن سے محبت کا پیغام ہے۔
نغمے میں فضاؤں کی نگہبان پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت مندانہ کردار کو اجاگر کیا گیا ہے، ساتھ ہی بحری سرحدوں کی پاسبان پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کو بھی سراہا گیا ہے۔
یوم دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے 6 ستمبر 1965 پر جاری کی گئی نئی ڈاکیومنٹری میں جنگ ستمبر کے غازیوں کی لازوال داستان ان ہی کی زبانی پیش کی گئی ہے۔
ڈاکیومنٹری میں پاک فوج کے ریاست کے ساتھ تعلق اور دفاع کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔