• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Promote Feelings Of Love For Mothers Day
جویریہ صدیق......ماں سے محبت کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے،اس دن کو منانے کا مقصد ماں جیسی عظیم ہستی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،ماں کا رشتہ ایک ایسا بے لوث رشتہ ہے، جو پیار محبت توجہ شفقت کے عوض اولاد سے کچھ نہیں مانگتا۔اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہی ہے کہ ماں کے لئے محبت کے جذبات کو فروغ دیا جائے ۔

مئی کے دوسرے ہفتے میں یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ ماں اور اولاد کے رشتے کواور مضبوط کیا جائے،جو باتیں عام دنوں میں بچے ماں سے کہنے میں ہچکچاتے ہیں ،لیکن اس دن اپنے دل کی بات ماں سے کہہ دی جائے کہ ماں آئی لو یو آپ دنیا کی سب سے اچھی ماں ہو۔

اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے عوام کے منتخب نمائندے اور لیڈران بھی اس دن کو مناتے ہیں،وہ کہتے ہیں ویسے تو ہر دن ہی ماں کے نام ہے، لیکن 8 مئی کو بطور خاص وہ یہ دن اپنی مائوں کے ساتھ گزارتے ہیں ،ان کے ساتھ ان کے من پسند کا کھانا کھاتے ہیں اور اس مناسبت سے تحفہ بھی ساتھ لئے کرجاتے ہیں۔

عائشہ رضا فاروق
وزیر اعظم کے انسداد پولیو سیل کی فوکل پرسن سینٹر عائشہ رضا فاروق کہتی ہیں کہ ایک دن کافی نہیں، ہر دن ہی ماں کے نام ہے،ہمیں یہ کوشش کرنی چاہیے کہ ہر روز ہم وقت نکال کر اپنے والدین کو دیں۔وہ کہتی ہیں ماں کے عالمی دن پر میں اور میری دو اور بہنیں ہم بطور خاص امی کے لئے تحفے لیتے ہیں ،امی کو کپڑے بہت پسند ہیں، تو میں ان کے لئے تحائف میں اچھا سا سوٹ ضرور لیتی ہوں، اس دن ان کے ساتھ ان کے پسندیدہ ریسٹورینٹ میں کھانا بھی ضرور کھاتے ہیں،اللہ تعالی کے بعد میری سب سے بڑی ڈھال میری ماں ہیں، میں جو بھی ہوں ان کی دعاوں کی بدولت ہوں،امی کی دعائیں میری مشکلات کو آسان کر دیتی ہیں۔

سیلم مانڈوی والا
سینٹر سیلم مانڈوی والا کہتے ہیں ہم ہر سال مدرز ڈے مناتے ہیں،میری والدہ ماشاء اللہ سے ۸۵ سال کی ہیں اور وہ علالت کی باعث بستر پر ہی ہوتی ہیں ،تو ہم سب اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ مدرز ڈے پر سب ان کے پاس ان کے کمرے میں موجود ہوں اور اس دن کو ان کے ساتھ منائیں،میں میرے بھائی خاندان کے تمام بچے تحائف لے کر جاتے ہیں اور مدرز ڈے کا سارا وقت ان کے ساتھ گزارتے ہیں،ان کا کمرہ پھولوں اور غباروں سے سجایا جاتا ہے، اس دن کے لئے خصوصی کیک بنوایا جاتا ہے، جسے میری والدہ کاٹتی ہیں،ہم ان کے لئے اس دن بھی سالگرہ کی طرح اہتمام کرتے ہیں۔ان کو چاکلیٹس بہت پسند ہیں، اس لئے تحفے میں ان کے لئے میں چاکلیٹس لازمی لے کر جاتا ہوں۔

ثمن سلطان جعفری
ایم این اے ثمن سلطانہ جعفری کہتی ہیں کہ امی کے بارے میں جو بھی کہوں کم ہے، وہ میری متاع حیات ہیں،میری روزانہ کوشش ہوتی ہے کہ ان کا خیال رکھوں اپنا پیار انہیں دوں، لیکن مدرز ڈے پر پھر میں کچھ ہٹ کر سرپرائز ان کے لئے پلان کرتی ہوں،امی صحافی،کالم نگار اور اردو کی استاد ہیں، بہت ہی سادہ طبعیت کی مالک ہیں،میری کوشش ہوتی ہے کہ اس دن ان کی پسندیدہ ڈشن میں خود بنائوں۔ان کے لئے تحائف لیتی ہوں ،جس میں زیادہ تر کتابیں ہوتی ہیں،امی کو کپڑے میک اپ وغیرہ پسند نہیں اس لئے میں زیادہ تر کتابیں یا ہینڈ میڈ اشیاء تحفے میں دیتی ہوں،میں جو بھی ہوں امی کی وجہ سے ہوں امی کا دیا ہو اعتماد ہمیشہ میرے کام آیا۔

ڈاکٹر رمیش کمار
ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کہتے ہیں کہ میں آج جو بھی ہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں ان کا آشیرباد لئے بنا میں کبھی گھر سے نہیں نکلتا،جس انسان کے ساتھ ماں کی دعائیں ہوں وہ کبھی کسی تکلیف اور دکھ میں مبتلا نہیں ہوگا،میری دل میں ہر وقت میری ماں رہتی ہے، میرے لئے ہر دن مدرز ڈے ہے،مدرز ڈے پر میرا پیغام ہےایک ماں جنم دیتی ہے ایک ماں رزق دیتی ہے، جو ہماری دھرتی ماں ہے، ہمیں دونوں ماوں سے محبت کرنی چاہیے۔

واسع جلیل
ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل کہتے ہیں ہمارے گھر میں باقاعدگی سے مدرز ڈے منایا جاتا ہے، میرے اہلخانہ اس موقع کی مناسبت سے امی کے لئے تحائف لیتے ہیں اور ہم سب مل کر کیک کاٹتے ہیں،وہ کہتے ہیں اگر سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے میں امی کے پاس حاضر نا ہوں سکوں تو میں انہیں کارڈ پھول اور تحفہ روز بھیجتا ہوں،ویسے تو 365 دن ماں کے نام ہیں، لیکن اگر اب روایت پڑ گئی ہے تو اس دن کو ضرور منانا چاہیے۔
تازہ ترین