سکھر(بیور ورپورٹ) سکھر میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی گاڑیوں کے قافلے پر بندر روڈ مکرانی مسجد کے نزدیک ڈنڈا بردار افراد نے اس وقت پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے جب وہ پارٹی دفتر کے افتتاح کے لئے منور چوہان کی رہائشگاہ پر جارہے تھے۔ پتھراؤ کے باعث قافلے کے آگے چلنے والی پولیس سمیت دیگر گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس فوری طورپر مصطفی کمال ، انیس قائم خانی، ڈاکٹر صغیر احمد ، اشفاق منگی سمیت دیگر رہنماؤں کو مذکورہ مقام سے با حفاظت سکھر بیراج کے نزدیک ایک ہوٹل میں لے گئی، مشتعل افرا د جنہوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے تھے سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگارہے تھے۔ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری کو بندر روڈ پر طلب کرلیا گیااور حالات پر قابو پاتے ہوئے پولیس نے مشتعل مظاہرین کو راستے سے ہٹادیا اور ایک گھنٹے بعد مصطفی کمال اور انکے دیگر ساتھیوں کے قافلے کو چوہان ہاؤس پہنچایا گیا۔واضح رہے کہ مصطفی کمال کی آمد کے موقع پر سکھر شہر میں ان کے استقبال کے لئے لگائے گئے پینافلیکس اور پوسٹر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے پھاڑدیئے گئے تھے۔علاوہ ازیں سکھر میں مصطفی کمال کے قافلے پر پتھراؤ کے نتیجے میں صحافی رشید رضا اور محمد احمد بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ دریں اثناء منور چوہان کی رہائش گاہ چوہان ہاؤس میں پارٹی دفتر کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے سکھر میں پتھراؤ کیا ہے جب ہم دوبارہ آئیں گے تو یہی لوگ ہمارے لئے پھول لے کر کھڑے ہوں گے، خواتین، بچوں کو ہاتھوں میں پتھر دے کر گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، میں کارکنان کو سختی سے کہتا ہوں کہ ہم نے بدلہ نہیں لینا بلکہ پتھراؤ کرنے والے جو گمراہ لوگ ہیں انہیں گلے لگانا ہے ، پتھر مارنے والے گمراہ ہیں ان کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گے،ہم ان بچوں کے مستقبل کے لئے جنگ لڑرہے ہیں، ہم جہاں جاتے ہیں وہ شخص تین راتیں پہلے سے ہی سازشیں شروع کردیتا ہے، بچوں اور عورتوں کے ہاتھوں میں پتھر پکڑادیئے جاتے ہیں، اختلاف رائے ضرور رکھیں لیکن مرنے مارنے کی باتیں نہ کریں، آج وطن پر ستو ں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارا پیغام دور دور تک پہنچ رہا ہے، رواں ماہ لندن اور برمنگھم میں پارٹی سیٹ اپ کا اعلان کریں گے، کوئٹہ سمیت بلوچستان میں کارکنان نے خود ہی دفاتر کھول لئے ہیں،متحدہ قائد کو ابھی ہمارے جنون کا پتہ نہیں،ہم لوگوں کو توڑنے نہیں جوڑنے آئے ہیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی رہنما انیس قائم خانی، ڈاکٹر صغیر احمد، اشفاق منگی، منور چوہان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔