• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ خواتین کے لباس میں نہیں مرد کے دماغ میں ہے: مہوش حیات

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے حوالے سے بیان کے خلاف بولتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ خواتین کے لباس میں نہیں بلکہ مردوں کے دماغ میں ہے۔

سوشل میڈیا پر مہوش حیات کے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے جوکہ جیو نیوز کے پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ کی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں مہوش حیات وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے حوالے سے بیان کے خلاف بولتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’مسئلہ خواتین کے لباس میں نہیں ہے بلکہ ہمارے مردوں کی سوچ اور دماغ میں ہے۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’ہمیں جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے وہ مردوں کی ذہنی سوچ کو تبدیل کرنا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’مغربی ممالک میں خواتین ہر طرح کا لباس زیب تن کرتی ہیں اور وہاں وہ محفوظ بھی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں مغربی ممالک میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں کیونکہ وہاں کوئی مرد گُھور گُھور کر نہیں دیکھتا۔‘

مہوش حیات نے اپنی ایک فلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اور میرے ساتھی اداکار نے فلم کے ایک سین میں برقع پہنا ہوا تھا اور ہم بازار میں تھے جہاں مرد ہمیں دیکھ رہے تھے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اُس سین کے بعد واضح ہوا کہ حقیقت میں مسئلہ خواتین کے لباس کا نہیں ہے بلکہ مردوں کی سوچ کا ہے جو ہمیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔

اس سوال پر کہ کیا واقعی خواتین کے لباس کا چناؤ اُن پر جنسی تشدد کی وجہ ہے؟ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس معاشرے میں رہتے ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید