• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو اولمپکس کے تیسرے روز جاپانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی

ٹوکیو اولمپکس کے تیسرے دن میزبان جاپان کے ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کے ذریعے مزید تین سونے کے تمغے اپنے نام کرکے میڈل ٹیبل پر 8 گولڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

برطانوی ایتھلیٹس نے بھی سونے کے تمغوں کا کھاتہ کھول لیا، اُنہوں نے تین طلائی تمغے جیتے جبکہ چینی ایتھلیٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی جو تیسرےدن اپنے سونے کے تمغوں کی تعداد کو نہ بڑھاسکے، امریکا بھی تین گولڈ میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اولمپکس مقابلوں کے باقاعدہ آغاز کے تیسرے دن جاپان، امریکا، برطانیہ اور رشین اولمپک کمیٹی کے ایتھلیٹس چھائے رہے، ان ممالک کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنےاپنے ملک کو مختلف ایونٹس میں تین، تین طلائی تمغے جتوائے۔

پیر کو مزید تین سونے کے تمغے حاصل کرنے کے سبب میزبان جاپان مجموعی طور پر 8 گولڈ کے ساتھ ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا ہے، امریکا نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ چین جو ابتدائی دو دن برتری لیے ہوئے تھا اب تیسرے نمبر پر چلا گیا، اُس کے ایتھلیٹس مقابلوں کے تیسرے روز ایک بھی گولڈ میڈل نہ جیت سکے۔

برطانوی ایتھلیٹس نے تیسرے دن سونے کے تمغوں کا کھاتہ کھولا اور تین طلائی تمغے جیتے، رشین اولمپک کمیٹی کے ایتھلیٹس نے بھی مزید تین تمغے حاصل کیے، اس کے علاوہ جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کوسوو، سلواکیہ، ہانگ کانگ، کینیڈا، کروشیا، ناروے اور فلپائن نے بھی ایک، ایک گولڈ میڈل جیتا۔

تازہ ترین