• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات چوری کئے، وسیم اختر

کوونٹری( نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے صدر حاجی وسیم اختر ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پی ٹی آئی کی حکومت نے اثرورسوخ استعمال کرکے چوری کیے۔ پاکستان میں دھاندلی سے حکومت بنانے والوں نے کشمیر میں بھی دھاندلی کی مثال قائم کی۔ حاجی وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی وزررا نے قانون ہاتھ میں لیا، غلیظ زبان استعمال کی اور عدالت کا حکم بھی نہ مانا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی نے کس قدر لاقانونیت کا مظاہرہ کیا اور کس طرح قانون کی دھجیاں بکھیریں۔انھوں نے کہا کہ پولیس کے سخت پہرے اور وفاقی حکومت کے اثرورسوخ کے باوجود پی پی پی کی 10 سیٹوں پر کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کو دل و جان سے چاہتے ہیں اور پی پی پی کی پالیسیوں کو پسند کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو جس طرح نوجوانوں میں مقبول ہو رہے ہیں اس کے پیچھے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا فلسفہ ہے جنہوں نے ہمیشہ غریبوں کی بات کی ۔انھوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف ہوتے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پی پی پی کلین سوئپ کرتی، ملک وسیم اختر نے پی پی پی کے کارکنان اور آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور اور چوہدری ریاض کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے شانہ نشانہ چل کر آزاد کشمیر کے انتخابات میں دن رات کام کیا اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا پیغام پہنچایا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے آئندہ عام انتخابات میں بلاول بھٹو زردار ی وزیراعظم ہوں گے اور پاکستان ترقی کرے گا۔
تازہ ترین