• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ میں پہلی سائبر سیکیورٹی پالیسی کی منظوری


وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی سائبر سیکیورٹی پالیسی اور میڈیا اشتہارات پالیسی 2021ء کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت آئی ٹی کی تیار نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی کی منظوری دیدی۔

انہوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی پالیسی کے نفاذ، حکمت عملی کے تعین اور اقدامات کیلئے سائبر گورننس پالیسی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ پالیسی کا مقصد شہریوں، سرکاری و نجی اداروں کے آن لائن ڈیٹا اور معلومات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری و نجی ادارے ڈیٹا، آئی سی ٹی مصنوعات اور سسٹمز سائبر پالیسی کے پابند ہوں گے، پاکستان کے کسی ادارے پر سائبر حملہ قومی سالمیت پر جارحیت تصور کیا جائے گا۔

امین الحق نے یہ بھی کہا کہ سائبر حملے پر تمام مطلوبہ اقدامات اور جوابی کارروائی کی جائے گی، سرکاری اور نجی سروس نیٹ ورکس میں سائبر سیکیورٹی کے عمل کو مربوط اور مستحکم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پالیسی کے تحت قومی سیکٹر اور اداروں کی سطح پر کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم بنائی جائے گی، ماہرین اور تمام مطلوبہ و جدید آلات سے آراستہ ٹیم سائبر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کام کرے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ قومی سطح کی رسپانس ٹیم کے لئے ایک ارب 92 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

کابینہ نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے لیے ایڈیشنل اسپیکٹرم کی نیلامی کی بھی منظوری دیدی۔

ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل میڈیا کے اشتہارات کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

کابینہ نے کاروبار شروع کرنے میں آسانی کے لیے فرسودہ قوانین کے خاتمے کے لیے سرمایہ کاری بورڈ کو اختیار دیدیا۔

تازہ ترین