• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالہ لئی راولپنڈی کا واحد بڑا مسئلہ ہے، شیخ رشید


 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسی سال نالہ لئی کا منصوبہ شروع ہوگا کیونکہ نالہ لئی راولپنڈی کا واحد بڑا مسئلہ ہے جو ابھی تک حل نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نالہ لئی کا دورہ کیا اور وہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نالہ لئی سے متعلق عمران خان، عثمان بزدار اور نیسپاک سے میٹنگز جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی منصوبہ جب شروع کیا تھا تو26 ارب کا تھا اب 90 ارب تک پہنچ گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے سارے نالوں پر لوگوں نے قبضے کیے ہیں، نالہ لئی منصوبے کے افتتاح کی خوشخبری 90 روز کے اندر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کے آس پاس جتنی بھی آبادی ہے ہمارے لیے قیمتی ہے، واسا سمیت ریسکیو کیلئے پولیس فوج اور لوکل انتظامیہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔

تازہ ترین