• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مجرموں کو سزا دیکر مثال قائم کرے: صنم جنگ کا مطالبہ

پاکستان کی معروف میزبان و اداکارہ صنم جنگ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں اغوا اور تشدد و زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے قتل کی خبر پر حکومت سے ایسے جرائم میں ملوث مجرموں کو سزا دیکر مثال قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکارہ صنم جنگ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کورنگی میں اغوا اور تشدد و زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے قتل کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’اور اب ایک 6 سال کی بچی۔‘

صنم جنگ نے حکومت اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’حکومت کارروائی کرکے ان لوگوں (مجرموں) کو پھانسی کیوں نہیں دیتی؟‘

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’ایسے جرائم میں ملوث مجرموں کوسزا دیکر مثال قائم کریں۔‘

خیال رہے کہ کورنگی کے زمان ٹاؤن میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی کمسن بچی کی لاش کچرے سے برآمد ہوئی تھی۔

ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور وہاں سے معلومات حاصل کیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ بچی کل رات گھر کے باہر کھیل رہی تھی، لائٹ گئی ہوئی تھی، بچی کا والد اس کو گلی میں کھیلتے ہوئے چھوڑ کر چلا گیا۔

حکام کے مطابق جب کافی دیر بچی واپس نہ آئی تو اہلخانہ نے تلاش شروع کی اور تھانے کو بھی رات گئے ہی اطلاع کی گئی۔

تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ صبح 6 بجے کے قریب دری میں لپٹی ہوئی بچی کی تشدد زدہ لاش ملی۔

انہوں نے بتایا کہ جس جگہ لاش ملی وہاں ایک ویران اسکول اور گراؤنڈ ہے، گراؤنڈ میں نشے کے عادی افراد جمع رہتے ہیں۔

تازہ ترین