وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد ویکسی نیشن میں سب سے پیچھے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے سندھ حکومت کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کارکردگی بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت اپنے گریبان میں جھانکے، وفاقی حکومت کو اختیار ہے کہ وہ صوبوں کو گورننس کی طرف توجہ دلائے۔
وزیر اطلاعات نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ماضی بھلا کر آگے بڑھنے کے بیان کو خوش آئند قرار دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن سے حکومت بات کرنے کو تیار ہے، پارلیمنٹ سے باہر بیٹھی حزب اختلاف سے بات نہیں کریں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اس نظام کو آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک سے باہر بیٹھے مفرور افراد کو پارٹی کی قیادت کرنے کا کوئی حق نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری پر شہباز شریف سے وزیراعظم عمران خان کی فوری ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔