• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرسٹر سلطان کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کیا جائے، کمان افسر

لوٹن (شہزاد علی)بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کیا جائے ،یہ بات جموں کشمیر لبریشن فرنٹ لوٹن کے رہنما حاجی راجہ کمان افسر نے کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھانے میں بلاشبہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشیں ہیں، وہ پہلے بھی وزیراعظم رہ چکے ہیں، تحریک انصاف کشمیر نے آزاد کشمیر کے انتخابات ان کی زیر صدارت لڑے اور کامیابی حاصل کی، اس لیے بھی وزارت عظمیٰٰ پر بیرسٹر سلطان کا حق بنتا ہے ، راجہ کمان افسر نے نمائندہ جنگ سے گفتگو میں کہاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پولنگ کے دوران چڑھوئی میں پیش آنے والے ناخوش گوار واقعہ جس میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، نہایت افسوس ناک واقعہ ہے موجودہ جدید دور میں ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری تمام سیاسی قیادت کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اس حوالے حکومت آزاد کشمیر کو بھی اپنی رٹ بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کے عمل کو فول پروف بنائے تاکہ کسی بھی جماعت یا امیدوار کو دھاندلی کی شکایت ہی پیدا نہ ہو، انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کی نئی بننے والی حکومت پر زور دیں گے کہ آئندہ کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مشاورت سے فول پروف انتخابی نظام رائج کرنے کی روایت ڈالے جس سے نہ تو قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوگا اور نہ ہی کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے پر سیاسی مخالفین کے راستے بند کئے جا سکیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کی نئی اسمبلی اس امر کو یقینی بنانے کہ انتخابات میں خود مختار کشمیر کے نظریات کے حامل کشمیری بھی حصہ لے سکیں، اس سے پاکستان کا بھی کشمیر پر عالمی سطح پر امیج بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور آزاد کشمیر کی ساکھ بہتر ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین