• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کورونا کا عالمی معیشت پر حملہ، تیل کی قیمتیں گر گئیں، اہم اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

لندن (اے ایف پی) بھارتی کورونا کا عالمی معیشت پر حملہ ،تیل کی قیمتیں گر گئیں،اہم اسٹاک مارکیٹوں میں مندی،ڈیلٹا پھیلنے کےباعث چین سمیت کئی ممالک میں لاک ڈائون اور نئی پابندیوں کے خدشہ کے سبب برینٹ کروڈ آئل 2.3فیصد کم ہوکر71 ڈالر فی بیرل اورویسٹ ٹیکساس 2.7 فیصد کم ہوکر 69ڈالرفی بیرل پر آگیا،فرانکفرٹ، نیو یارک، ٹوکیو، ہانگ کانگ اور شنگھائی اوریورو اسٹاکس میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق بھارتی کورونا ڈیلٹا وائرس کے معاشی سرگرمیوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر منگل کوتیل کی قیمتیں مزید گر گئی اور زیادہ تر بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو شدید نقصان ہوا ،چین سمیت کئی ممالک میں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کے دوبارہ نفاذ نے طلب کے خدشات کو بڑھادیاہے۔ 

نیو یارک میں ڈاؤ جونز انڈیکس 0.2 فیصد کی کمی کا شکار رہا اور ڈالر دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں نیچے آگیا ہے۔لندن کا بینچ مارک ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس میں بنیادی طور پر دوپہر کے سودوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور یہ 7 ہزار78 پوائنٹس پر برقرار رہا۔ 

معاشی پاور ہاؤس چین میں کوویڈ کیسز میں اضافے نے تجارتی سطح پر پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔OANDA کے تجزیہ کار جیفری ہیلی نے کہا ہےکہ’’ امریکا میں کورونا کیسز میں اضافہ ، اور (جنوب مشرقی ایشیا کی) صورت حال سب کو معلوم ہے لیکن جو چیز مارکیٹوں کو خوفزدہ کر رہی ہے وہ چین ہے۔‘‘

ہانگ کانگ اور شنگھائی بھی چین کے ٹیک ، نجی تعلیم اور پراپرٹی کے شعبوں پر کریک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں جس سے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ حکام دیگر صنعتوں کو نشانہ بنائیں گے۔

تاہم بھارتی ’’نفٹی 50 اندیکس‘‘ کی صورتحال اچھی رہی اور پہلی مرتبہ 16ہزار پوائنٹ کا ہندسہ عبور کیا جبکہ سین سیکس نے 53ہزار542 کی نئی ریکارڈ اونچائی حاصل کی۔

تازہ ترین