• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم شہداء کمشنر و پولیس افسران کی یادگار پر حاضری،ہیڈکوارٹرزمیں تقریب

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) یوم شہداء پولیس کے موقع پرکمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ، آر پی او راولپنڈی عمران احمر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی عامر عقیق خان اور سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے یادگار پولیس شہداء پر حاضری دی ،سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شہداء گیلری کا دورہ کیا اور اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ کمشنر ،آر پی او، ڈپٹی کمشنر ، سی پی او ،ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہید انسپکٹر میاں محمد عمران عباس کے گھر بھی گئے۔ ان کا کہناتھاکہ تمام موقعوں پر شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرنا قابل فخر ہے۔آر پی او، سی پی اونے کہاکہ شہداء پولیس ہمارے ہیرو اور محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثناء یوم شہداء پولیس پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رات گئے شمعیں روشن کرنے کی تقریب ہوئی۔ آر پی او راولپنڈی عمران احمر، ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس، سینئر پولیس افسران، شہداء کے اہل خانہ، وکلاء سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں راولپنڈی پولیس کا نیا نغمہ ’’ہم جئیں گے سدا‘‘ آر پی او اور سی پی او راولپنڈی کی موجودگی میں لانچ کیا گیا جسے خوب سراہا گیا۔ یہ نغمہ اے ایس آئی ماجد جہانگیر نے تحریر کیا ہے۔
تازہ ترین