• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا شرح 9 فیصد سے زائد، مزید 60 اموات

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 9 فی صد سے زائد ہو گئی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 661 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 60 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 6 ہزار 787 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 06 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 635 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 77 ہزار 409 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 50 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 52 ہزار 616 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 62 ہزار 462 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 62 لاکھ 78 ہزار 190 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 لاکھ 39 ہزار 406 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 3 کروڑ 30 لاکھ 59 ہزار 676 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 92 ہزار 433 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 98 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 60 ہزار 494 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 122 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 46 ہزار 485 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 495 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 89 ہزار 117 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 807 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 30 ہزار 880 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 329 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 778 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 636 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 8 ہزار 473 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 148 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید