افغانستان میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، تازہ جھڑپوں میں ہرات کے ڈسٹرکٹ 10 کے پولیس چیف واحد احمد کوہستانی اور 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
صوبہ ہرات کے گورنر عبدالصبورقانی نے اس جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طالبان نے گزشتہ رات ہرات کے مختلف اضلاع میں حملے کیئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ افغان فضائیہ کے حملوں میں 100 سے زائد طالبان جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان 9 روز سے لڑائی جاری ہے۔
صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں بھی افغان فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
افغان فوج کا کہنا ہے کہ لشکر گاہ میں گزشتہ رات افغان فورسز نے طالبان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ادھر صوبے لغمان کے پولیس چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے صوبے لغمان کے ضلع پادپش کا قبضہ طالبان سے واپس لے لیا ہے۔