• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے مثبت ماحولیاتی تبدیلی آئے گی، شیخ رشید

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے مثبت ماحولیاتی تبدیلی آئے گی ، 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ آنیوالی نسلوں کا مستقبل سنوارے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو راولپنڈی کینٹ میں مون سون شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر سینٹ میری سکول لالہ زار میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی ، کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ ، ایم پی اے حاجی امجد محمود ،سیمابیہ طاہر ،آر پی او عمران احمر ، ڈی جی پی ایچ اے ظہیر انور جپہ ،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد ، پرنسپل نپولین گومز اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے،بے موسمی سیلاب آرہے ہیں، بارشوں کے موسم تبدیل ہوچکے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر آنیوالے وقت میں ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی زد میں ہونگے،وزیراعظم نے عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا اور اس ضمن میں ملک بھر میں کروڑوں کی تعداد میں درخت لگادیئے گئے ہیں اورمنصوبہ پر عملدر آمد جاری ہے ،بہت جلد کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب پورا ہوگا اور ہر سو ہریالی ہوگی، وزیر داخلہ نے اس موقع پر شجر کاری کے فروغ کیلئےمسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی کاوشوں کو قابل ستائش قراردیا اور سکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہاکہ درختوں کی اہمیت بارے طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری نئی نسل درختوں کی اہمیت کو مسلمہ جانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری مہم میں عملی شرکت کرے ، شجرکاری کے فروغ کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم آنیوالی نسلوں کو کلین اینڈ گرین پاکستان دے سکیں ۔

تازہ ترین