• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو ٹی وی کی مشہور زمانہ سیریل ”خدا اور محبت“ کیلئے ایک ارب ویوز، یوٹیوب پر ناقابل تسخیر ریکارڈ قائم

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹی وی کے مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ نے یوٹیوب پر ایک ارب یعنی (100کروڑ)سے زائد ویوز حاصل کرکے ایک نیا، لازوال اور ناقابل تسخیر ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستانی انٹرٹینمنٹ کیلئے یہ پہلا موقع ہے جس نے اپنے چاہنے والوں کی اس قدر محبتیں سمیٹ لی ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں پروڈیوسرز کی نامور جوڑی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”خدا اورمحبت“ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر اب تک نشر ہونے والی اقساط، اوایس ٹی اور پروموشنز پر مجموعی طو رپر 100 کروڑ یعنی (One Billion) سے زائد ویوز حاصل کرکے لازوال اور ناقابل تسخیر ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ہدایتکار وجاہت حسین کی خوبصورت عکس بندی میں فیروز خان اور اقراء عزیز کی جوڑی کو ناظرین کی بے پناہ چاہت نے پسندیدگی کے عروج پہنچا دیا ہے۔ ایسے میں بقول شاعر ”ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں“ جسے دیکھنے کیلئے ”جیو ٹی وی“ پر ناظرین کی بے تابی ہر جمعہ کی رات 8 بجے کا انتظار کرتی ہے۔ شائقین کی یہ بے لوث محبت ناصرف ”جیوٹی وی“ کیلئے اعزاز ہے بلکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“کی ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ کی بھر پور ملکی اور بین الاقوامی پذیرائی کا مظہر بھی ہے۔ ”خدا اور محبت“ کو چاہنے والوں کی اس محبت پر پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی سمیت ”جیو ٹی وی“ اپنے ناظرین کا تہہ دِل سے پیار بھرا شکریہ ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین