ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ آج یومِ آزادی منایا جا رہا ہے، اس موقع پر مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر سول سوسائٹی کی جانب سے ڈیفنس میں ’بورن ٹو رن‘ نامی ریس کا انعقاد کیا گیا، ریس کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں صحت مند معاشرے کی آگاہی پیدا کرنا تھا۔
کراچی بار کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، کراچی بار کی جانب سے ایدھی بار روم کے باہر پرچم کشائی کی گئی۔
سندھ کے شہر بدین میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی۔
سندھ کے شہر نواب شاہ میں ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز سائرن بجا کر کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی۔
سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں یومِ آزادی کی تقریب سندھ یونیورسٹی کیمپس میں ہوئی جہاں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر رفیق میمن نے پرچم کشائی کی۔
پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے ۔
دوست محمد مزاری کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔
صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پرچم لہرایا۔
اس موقع پر ڈاکٹریاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمران خان قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق نئے پاکستان کی تعمیر کر رہے ہیں۔
شیخ زاید اسپتال لاہور میں جشنِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور و ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اکبر حسین نے پرچم لہرایا۔
لاہور کے الحمراء ہال میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرحت جبیں نے پرچم کشائی کی،بچوں نے ملی نغمے پیش کر کے وطنِ عزیز سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکشن میں یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جہاں چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر محمد ناظر خان نیازی نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب یونیورسٹی میں یومِ آزادی کی تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے قومی پرچم لہرایا، اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لے ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرے۔
یومِ آزادی کے موقع پر واسا ہیڈ آفس لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز اور ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے بھی شرکت کی۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سار ہ احمد نے یومِ آزادی کے موقع پر لاہور سے قوم کے لیے پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا ہے کہ ملک و ملت کی ترقی و خوش حالی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں، ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم بحیثیت آزاد شہری اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
ڈی سی آفس لاہورمیں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان کے نمائندۂ خصوصی علامہ طاہر اشرفی، چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی شرکت کی، تقریب میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیئے دعائیں کی گئیں ۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے زیرِ اہتمام پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن کی سزا موت ہونی چاہیئے۔
ریلوے لاہور ڈویژن میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد ناصر خلیلی نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب کےشہر فیصل آباد میں کمشنر کمپلیکس میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ارکانِ اسمبلی اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیرِ مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پرچم کشائی کی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور سول ڈیفنس کے دستوں نے مارچ پریڈ کی۔
پنجاب کےشہر ملتان میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوئی ، چلڈرن کمپلیکس اسپتال میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جبکہ ہائی کورٹ بار ملتان میں بھی یومِ آزادی کی تقریب میں پرچم کشائی ہوئی اور پودے لگائے گئے۔
پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں، کمپنی باغ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب کےشہر قصور کے ڈی سی آفس میں پرچم کشائی اور قومی ترانے سے جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوا۔
قصور کی سیشن کورٹ، ڈسرکٹ بار اور ڈی پی او آفس میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
ایڈیشنل سیشن جج قصور نے خطاب میں کہا کہ عدلیہ وطن کی آزاد فضاؤں میں قوم سے تجدیدِ عہد کرتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے خطاب میں کہا کہ آزادی کی نعمت کے لیے کشمیری و فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈی پی او قصورعمران کشور نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لے آج بھی پولیس قربانیاں دے رہی ہے۔
پنجاب کےشہر پاکپتن میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں ایم پی اے احمد شاہ کھگہ اور سابق ایم این اے محمد شاہ کھگہ بھی شریک ہوئے۔
پنجاب کی تحصیل عارف والا میں جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں، مرکزی تقریب بلدیہ میں ہوئی، جس میں ایم پی اے نعیم ابراہیم نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب کےشہر ننکانہ صاحب میں جمنیزیم ہال میں یومِ آزادی کی تقریب میں وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر اعجاز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کاہ کہ آج کے دن قائدِ اعظم کے لیے 2 نفل پڑھیں، جنہوں نے پاکستان بنایا۔
گوجرانوالہ میں کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر گوجرانوالہ نے پرچم کشائی کی، پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ اسکولوں کے بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کیئے۔
مظفرگڑھ میں جشنِ آزادی پر ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی، جبکہ پولیس کے دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔
پنجاب کےشہر گوجرہ میں جشنِ آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب میونسپل کمیٹی میں ہوئی ، ممبر پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب کےشہر حافظ آباد میں جشنِ آزادی پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب کےشہر میاں چنوں میں میونسپل کمیٹی کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔
ضلع بہاولنگر میں یومِ آزادی کی پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی، پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں می گئیں۔
چشتیاں، فورٹ عباس، ہارون آباد میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقدہوئیں۔
رحیم یار خان میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب شیخ خلیفہ پبلک اسکول میں منعقدہوئی۔
بہاول پور میں یوم ِآزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر کے آفس میں ہوئی۔
بلوچستان کے شہر مستونگ میں جشنِ آزادی پر تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی ، تقریب میں ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنر، سیاسی و سماجی و قبائلی عمائدین شریک ہوئے۔
نصیر آباد، جعفر آباد، صحبت پور، جھل مگسی اور بولان میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
بلوچستان کےضلع خاران کے ڈی سی آفس کے سبزہ زار پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔
بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں تفتان رائفلز ہیڈ کوارٹر میں کمانڈنٹ کرنل عبدالمجید نے پرچم کشائی کی۔
خیبر پختون خوا کے شہر چارسدہ میں یومِ آزادی پر عبدالولی خان اسپورٹس کمپلیکشن میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وطنِ عزیز کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی ، تقریب میں خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
گلگت بلتستان کے مرکزی شہر گلگت میں جشنِ آزادی پر چنار باغ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر گلگت بلتستان نے مزارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں جی بی کے فورس کمانڈر و دیگر عسکری و سول حکام شریک ہوئے۔