• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدہ نے پروڈیوسر سے کہا تھا میری بیٹی کو لے کر اپنی فلم برباد کر دیں گے: رانی مکھرجی

رانی مکھرجی—فائل فوٹو
رانی مکھرجی—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ نے ان کی ڈیبیو فلم کے پروڈیوسر سے کہا تھا کہ وہ انہیں فلم سے نکال دیں، آپ میری بیٹی کو لے کر اپنی فلم برباد کر دیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی نے بتایا ہے کہ پہلے میری والدہ کرشنا مکھرجی فلموں میں میرے کام کرنے کے حق میں تھیں، تاہم میرا اسکرین ٹیسٹ دیکھنے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا تھا۔

اداکارہ نے اپنی ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ کرشنا مکھرجی نے میری 1996ء کی ڈیبیو فلم ’راجہ کی آئے گی بارات‘ کے اسکرین ٹیسٹ کے بعد ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر سلیم اختر سے کہا تھا کہ میری بیٹی کو فلم میں نہ لیں کیونکہ اس سے ان کی فلم برباد ہو جائے گی اور انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔

رانی نے بتایا کہ میری والدہ شروع میں میرے اداکاری کے پیشے کو اپنانے کے حق میں تھیں مگر میرے پہلے اسکرین ٹیسٹ کے بعد انہیں میں اداکاری میں اتنی بری لگی کہ انہوں نے پروڈیوسر سے صاف کہہ دیا کہ میرے خیال میں آپ میری بیٹی کو لے کر اپنی فلم برباد کر دیں گے، آپ کو نقصان اٹھانا پڑے گا، بہتر ہے کہ آپ اسے نہ لیں جبکہ پروڈیوسر سلیم اختر فلم راجہ کی آئے گی بارات کے لیے مجھے سائن کرنے کے بہت خواہشمند تھے۔

رانی مکھر جی نے یہ بھی بتایا کہ میرے والد رام مکھرجی میرے فلموں میں کام کرنے خواہشمند نہیں تھے کیونکہ اس وقت فلمی خاندانوں کے بچوں، خاص طور پر لڑکیوں کے لیے اداکاری کرنا بہت عام نہیں تھا، زیادہ تر مرد ہی اس پیشے کو اپناتے تھے، آج کی طرح نہیں تھا کہ جب تمام بچے اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلنے کے لیے تیار رہتے ہیں، فلم انڈسٹری اس وقت کیریئر کے طور پر ایک بہت ہی قابلِ عمل آپشن نہیں لگتی تھی، جب میں بڑی ہو رہی تھی تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ اسکول میں یہ کہنا کہ میں ایک فلمی خاندان سے ہوں، کوئی بہت فخر کی بات تھی۔

واضح رہے کہ رانی مکھر جی نے اشوک گائیکواڈ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’راجہ کی آئے گی بارات‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا، فلم میں موہنیش بہل، شاداب خان اور گلشن گروور بھی تھے، فلم میں رانی نے مالا کا کردار ادا کیا، جو ایک نوجوان ٹیچر تھی جس کی ایک امیر لڑکے راج (شاداب) سے شادی ہو جاتی ہے۔

رانی نے فلم بلیک، مردانی، ہچکی، نو ون کلڈ جیسیکا اور مسز چیٹر جی بمقابلہ ناروے جیسی فلموں سے شہرت حاصل کی۔

وہ اداکارہ کاجول کی کزن اور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ادیتیہ چوپڑا کی اہلیہ ہیں، جو یش راج فلمز (وائی آر ایف) کے چیئرمین بھی ہیں۔

رانی مکھر جی نے اس سال اپنی فلم ’مسز چیٹرجی بمقابلہ ناروے‘ میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا پہلا نیشنل ایوارڈ جیتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید