• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکیم سرفراز احمد نور

مالکِ کائنات نے ہماری غذا کو صرف کھانے دانے ہی تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اَن گنت نعمتیں عطا کرکے ہم پر احسان کیا ہے کہ انسانی صحت برقرار رکھنے کے لیے جہاں روٹی، پانی، دودھ، دہی اور گوشت جیسے اجزاء اہم گردانے جاتے ہیں، وہیں پھل اور سبزیاں بھی خوراک کا ضروری حصّہ ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ کی ان ہی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک پھل آڑو بھی ہے، جو موسمِ برسات کی خاص سوغات ہے اورزیادہ تر پہاڑی علاقوں میں کاشت کیاجاتا ہے۔ ہمارے یہاں سوات کا آڑو بکثرت فروخت ہوتا ہے۔ 

اس کے علاوہ وسطی ایشیا کے کئی مُمالک میں آڑو کاشت کیا جاتا ہے،جب کہ بھارت اس پھل کی پیداوار میں خود کفیل ہے۔ آڑو کو فارسی زبان میں تفتالو اور انگریزی میں پِیچ کہتے ہیں۔ زیادہ تر افراد اس پھل کے خواص سے لاعلم ہیں ،اس لیے دیگر پھلوں کی نسبت اسے ذرا کم ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ حالاں کہ طبّی نقطۂ نگاہ سے آڑو غذائی اور دوائی اثرات سے بَھرپور ہے۔ قدیم اطبائے کرام نے اس کا مزاج سرد و تر بتایا ہے۔

آڑو میں وٹامن اے، بی، سی، گوشت بنانے والے روغنی اجزاء، نشاستہ، کیلشیم، فولاد، فاسفورس اور سوڈیم وغیرہ بھی پائے جاتے ہیں۔شدید گرمی اور موسمِ برسات میں آڑو کا استعمال خون کا جوش کم کرکے پھوڑے، پھنسیوں اور خارش سے تحفّظ فراہم کرتا ہے۔ امراضِ معدہ، جگر اور دائمی قبض کے مریضوں کے لیے ایک بہترین غذا اور دوا کا درجہ رکھتا ہے۔ معدے کی تیزابیت اور غذا کی نالی کی سوزش رفع کرتا ہے، تو بُلند فشارِ خون نارمل کرکے طبیعت میں فرحت و تازگی پیدا کرتا ہے۔

قبض تمام بیماریوں کی جڑ ہے، اگر دائمی قبض کے مریض شام کا کھانا ترک کرکے 250گرام سے 400گرم تک آڑو چھلکے سمیت استعمال کریں،تو افاقہ ہوگا۔آج کل غذائی بے اعتدالی اور مرغّن غذائوں کے کثرتِ استعمال کی وجہ سے تیزابیت اور غذا کی نالی کے سو زش کی تکلیف عام ہوچُکی ہے۔جو افراد اس تکلیف میں مبتلا ہیں، اگروہ سہ پہر کے وقت 200سے 500گرام آڑو کے ساتھ تازہ ادرک 15گرام، سبزدھنیا 15گرام اور سبز پودینا 10گرام بطور چاٹ بنا کر استعمال کریں، تو چند ہی روز میں تکلیف رفع ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ اگر صُبح اُٹھتے ہی منہ کا ذائقہ کڑوا محسوس ہو، تو ناشتے اور کھانے کے بعد ایک یا دو آڑو استعمال کریں۔ 

قدیم اطباء کے مطابق آڑو کی گٹھلی کے مغز کا روغن تین چار قطرے، دو تین ہفتے کان میں ڈالنے سے بہرا پَن دُور ہو جاتا ہے۔ پھر یہ پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لیے بھی مفید ہے۔ اس کے لیے آڑو کے تازہ پتّے 50گرام یا خشک پتّے 15گرام اور کالی مرچ 5عدد تازہ پانی میں رگڑ کر چند روز لگا تار پیئں۔ کم زور معدے اور بلغمی مزاج والوں کو آڑو دیر سے ہضم ہوتا ہے،لہٰذا یہ افراد آڑو پر کالا نمک اور پِسی ہوئی کالی مرچ چِھڑک کر کھائیں۔ اپنے خواص میں ہلکی شیرینی اور ترشی کی آمیزش سموئے آڑو ایک خوش نما، خوش ذائقہ پھل ہے،جسے ماہرینِ صحت نے ذیابطیس کے مریضوں کے لیے بھی مفید قرار دیا ہے۔

تازہ ترین