• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی یاد میں ملک بھر میں جلوسِ عاشورہ برآمد


نواسۂ رسول حضرت حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں اور دنیا کے مختلف حصوں میں عاشورہ کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

ذاکرین کی جانب سے مجالس میں شہدائے کربلا کی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

ملک کے متعدد شہروں میں سیکیورٹی کے پیشِ نظر موبائل فون سروس بند ہے۔

لاہور میں نثار حویلی اندرونِ موچی گیٹ سے برآمد ہونے والا یومِ عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

کراچی میں یومِ عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو اپنے مقرر کردہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شاہِ خراشاں پر اختتام پذیر ہو گا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیاں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے۔

گزرگاہ کی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، جلوس کی گزرگاہ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ کرے گا۔

جلوس کی گزرگاہ اور متصل علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں، جن میں خواتین اہلکار، ایس ایس یو کے کمانڈو، آر آر ایف کے جوان بھی شامل ہیں۔

جلوس کی گزرگاہوں پر موجود بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ میں واقع امام بارگاہ ابوالفضل عباس سے عاشورہ کا جلوس برآمد ہوا جس میں 1 ہزار کے قریب شرکاء موجود ہیں۔

جلوس مین روڈ بارہ ہزار سے ہوتا ہوا داؤد چورنگی سے لانڈھی نمبر ساڑھے 4، تھانہ چورنگی سے گھوم کر واپس داؤد چورنگی بابر مارکیٹ آئے گا۔

جلوس کی وجہ سے داؤد چورنگی سے کورنگی کی جانب جانے والے بارہ ہزار روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو زحمت سے بچنے کے لیے قلندری چوک لانڈھی نمبر 2، الرزاق کٹ لانڈھی نمبر ساڑھے 3، جوبلی کٹ لانڈھی نمبر 4، تھانہ چورنگی لانڈھی نمبر ساڑھے 4 کی جانب بھیج رہا ہے۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدارروڈ سے برآمد ہوگا۔

راولپنڈی میں مرکزی جلوس تیلی محلہ امام بارگاہ عاشق حسین سے صبح 11 بجے برآمد ہو گا۔

تازہ ترین