شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل اپنی بیٹی لیلیبیٹ ڈیانا کو کرسٹن کرنے کی رسم روایتی شاہی انداز سے دور کیلیفورنیا میں ملکہ برطانیہ کی غیر موجودگی میں کرنے والے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شاہی مبصر رچرڈ فٹز ولیم کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن کے تعلقات برطانوی پریس کے ساتھ اس وقت بری طرح خراب ہو گئے تھے جب انہوں نےآرچی کو کرسٹن کرنے کی رسم نجی تقریب میں ملکہ برطانیہ کی موجودگی میں کی تھی۔
شاہی مبصر نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ہیری اور میگھن کی بیٹی لیلیبیٹ ڈیانا کو کرسٹن کرنے کی رسم کیلیفورنیا میں ہی کی جائے حالانکہ اس سے قبل ممکنہ طور پر یہ رسم ونڈسر میں ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ یقینی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ بیٹی کو میگھن کی آبائی ریاست میں اور نجی تقریب میں کرسٹن کیا جائے گا لیکن بغیر کسی تنازع کے جیسا کہ اس شاہی جوڑے کو بیٹے آرچی کی کرسٹننگ کی رسم کی ادائیگی پر سامنا کرنا پڑا تھا۔
شاہی خاندان کے لیلیبیٹ ڈیانا سے ملنے کے بارے میں شاہی مبصر کا کہنا ہے کہ انہیں بالکل اندازہ نہیں ہے کہ ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان کب بچی سے مل سکیں گے یا ہیری اور میگھن کب برطانیہ کا دورہ کریں گے۔