بلوچستان میں اہم پورٹ سٹی گوادر کی مقامی انتظامیہ نے سرِ راہ احتجاج یا دھرنوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر کے دفتر سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس میں ہوم اینڈ ٹربل افیئرز ڈپارٹمنٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دھرنے اور احتجاجی مظاہرے ترقیاتی کاموں اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پروجیکٹس میں خلل ڈال رہے ہیں۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ احتجاج گوادر کے پُرامن ماحول کو بھی خراب کر رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق آئندہ جلسے، جلوس، مظاہرے یا دھرنے پریس کلب کے احاطے میں کیے جائیں یا احتجاج کرنے والے مظاہروں یا دھرنوں کے لیے شہر کے سورک دل گراؤنڈ کو استعمال کریں۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی سڑک یا سرکاری عمارت کے سامنے احتجاج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔