اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ گوادر خود کش حملہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ عشرہ محرم کے دوران اہل وطن کے اتحادو یکجہتی کے مظاہرے نے دین وطن دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام کردیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی مرکزی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جلوسوں پر حملوں کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے ، خواتین کی توہین اور تشدد یزیدیت ہے عافیہ صدیقی پر تشدد کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔ 15تا 25محرم الحرام عشرہ بیمار کربلا منا کر اسلام کو حیات بخشنے والے امام زین العابدینؓ و اسیران کربلا کو سپاس عقیدت پیش کیا جائے۔ حامد موسوی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج سکیورٹی اداروں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف مثالی جنگ لڑی ۔