اسلام آباد ( طاہر خلیل )الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے حوالے سے خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں اور جلد ہی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
صوبوں کی طرف سے بلدیاتی الیکشن موخر /ملتوی کرنے کا موقف قابل قبول نہیں سندھ حکومت کیخلاف 7ستمبرسے کیس کی سماعت ہوگی،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری بلدیات کونوٹس،اٹارنی جنرل کی معاونت بھی طلب کرلی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن پر بلدیاتی انتخابات کی تاخیر یا کسی تاخیر پر رضا مندی کی ذمہ داری ڈالنا حقیقت کے منافی ہے، الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے اختتام پر 120 دن کے اندر بلدیاتی الیکشن کروانا آئینی ذمے داری ہے جس سے روگردانی نہیں کی جاسکتی ۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی کسی تجویز پر رضا مندی ظاہر نہیں کی۔
آئین کے آرٹیکل 140A /219D اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن(4) 219 کے تحت الیکشن کمیشن بلدیاتی حکومت کے اختتام پر 120 دن کے اندر صوبے میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا پابند ہے۔