• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل خان کا عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر ردّعمل

بالی ووڈ اداکار فیصل خان نے اپنے بھائی عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار فیصل خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے بھائی عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر اپنے خیالات کیا اظہار کیا۔

فیصل خان نے کہا کہ ’وہ عامر خان کو اُن کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے کوئی مشورہ نہیں دے سکتے کیونکہ اُن کی اپنی شادی کامیاب نہیں ہوسکی۔‘

اداکار نے کہا کہ ’اُن کا کوئی حق نہیں بنتا کہ وہ عامر خان اور کرن راؤ کو کوئی مشورہ دیں یا اُن کے ذاتی معاملات میں بولیں کیونکہ اُنہیں اچھی طرح سے معلوم ہے کہ اُن کے لیے کونسا فیصلہ درست ہے اور کونسا غلط ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے اور عامر خان کے تعلقات سے متعلق کہا کہ ’اُن کے اور عامر خان کے رشتے میں کچھ تبدیلیاں آئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ دونوں ساتھ ہیں۔‘

فیصل خان نے کہا کہ ’وہ اپنی زندگی کے تمام فیصلے خود کرتے ہیں، وہ نہ تو کسی کے ذاتی معاملات میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اپنے معاملات میں بولنے دیتے ہیں۔‘

ایک سوال کے جواب میں فیصل خان نے کہا کہ ’لوگ اُنہیں عامر خان کے بھائی کے نام سے جانتے ہیں اور اُنہیں اس بات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ اُن کی نظر میں اُن کی ایک الگ پہچان ہے۔‘

فیصل خان نے مزید کہا کہ ’لوگ تو ہر ایک کے بارے میں بہت کچھ کہتے ہیں کیونکہ اُن کا کام ہے منفیت پھیلانا۔‘

واضح رہے کہ فیصل خان بطورِ ہدایتکار فلم ’فیکٹری‘ سے دوبارہ انڈسٹری میں واپسی کررہے ہیں، اُن کی یہ فلم رواں سال 3 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں سال ہی باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کیا۔

عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

تاہم حال ہی میں دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔

تازہ ترین