پاکستان کے معروف اداکار فیروز خان ایک کامیاب اداکار بننے کے باوجود اور بھی کئی بڑے خواب دیکھتے ہیں جن میں سے ایک خواب باکسر بننا ہے۔
فیروز خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ’ابھی وہ اکثر باکسنگ میں ورلڈ چیمپئن بننے کے خواب دیکھتے ہیں۔ ‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ جانتے ہیں کہ یہ بہت آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں ہے، وہ سخت محنت کررہے ہیں اور انہیں اُمید ہے کہ ایک دن وہ اس خواب کو تعبیر دے سکیں گے۔‘
فیروز خان نے باکسنگ کے لیے اپنی ٹریننگ حاصل کرنے کے ارادوں کے بارے میں بتایا کہ ’انہیں یہاں (پاکستان) کوئی مقابلہ نظر نہیں آتا، اس لیے وہ امریکا، برطانیہ اور کیوبا میں ٹریننگ لینے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان کا مقصد دنیا کے بڑے باکسرز کا مقابلہ کرنا ہے اور انہیں اپنے پہلے مقابلے کے لیے تیار ہونے میں ایک سال سے زیادہ کا وقت لگے گا۔‘
خیال رہے کہ فیروز خان پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں اداکاری کر چکے ہیں جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی فیروز خان ابھی تک ’خُدا اور محبت 3‘، ’ خانی‘ اور ’رومیو ویڈز ہیر‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔