لکس اسٹائل ایوارڈز نامزدگیوں پر اداکارہ نوشین شاہ بھی سونیا حسین کا ساتھ دینے میدان میں آگئیں۔
لکس اسٹائل ایوارڈز نامزدگیوں پر سونیا حسین پھٹ پڑیں اور ان نامزدگیوں کو ہی مسترد کردیا۔
سونیا حسین کا ساتھ دینے کے لیے نوشین شاہ نے اپنے ایک تبصرے میں کہا کہ ’سونیا کی بات بالکل درست ہے کیونکہ وہ بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہے۔‘
نوشین شاہ نے اداکارہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’سونیا آپ کی بہترین پرفارمنس کو سراہانے کے لیے آپ کے مداح آپ کے لیے موجود ہیں اور یہی میری نظر میں آپ کا اصل ایوارڈ ہے۔‘
واضح رہے کہ انسٹاگرام اسٹوریز پر سونیا نے لکھا تھا کہ میں یہ دیکھ کر بہت مایوس ہوئی ہوں کہ سراب جیسے پروجیکٹس میں سے بھی ایک بھی نامزدگی سامنے نہیں آئی۔
سونیا حسین نے کہا تھا کہ ’ہم بامعنی مواد کی ضرورت سے متعلق بات کرتے ہیں، ایسا مواد جو عوام کو حقیقی مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرے لیکن جب ایسا مواد تیار کرلیا جاتا ہے تو مشکل سے ہی کبھی اسے تسلیم کیا جاتا ہے یا اسے ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔ کیا یہ سب دہرا معیار نہیں؟‘
سونیا کا کہنا تھا کہ ’وہ 7 سالوں سے اپنے ساتھ ہونے والے اس سلوک پر خاموش ہیں، لیکن پوچھتی ہیں کہ کیا ان کا ایک بھی ڈراما ایوارڈ کی نامزدگی کے قابل نہیں تھا؟‘