• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہیں معلوم بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کی تدفین کہاں کی: عبداللّٰہ گیلانی

گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو رات کے اندھیرے میں سخت سیکیورٹی میں سپردِ خاک کیئے جانے کے حوالے سے ان کے نمائندۂ خصوصی عبداللّٰہ گیلانی کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔

سید علی گیلانی کے نمائندۂ خصوصی عبداللّٰہ گیلانی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کا جسدِ خاکی قبضے میں لیا تھا۔

عبداللّٰہ گیلانی کا مزید کہنا ہے کہ نہیں معلوم کہ سید علی گیلانی کی تدفین کہاں کی گئی ہے۔

سید علی گیلانی کے نمائندۂ خصوصی نے الزام عائد کیا ہے کہ سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر تشدد کیا گیا ہے۔


دوسری جانب سینئر کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا ہے کہ سید علی گیلانی کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق مزارِ شہداء میں کرنے دی جائے۔

سید علی گیلانی کے اہل خانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورے کشمیر کو بند کر دیا گیا ہے، مواصلاتی رابطے بند کر دیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو رات کے اندھیرے میں سخت سیکیورٹی میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی ایجنسی کے مطابق سید علی گیلانی کے جنازے اور تدفین میں صرف پڑوسیوں اور قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دی گئی۔


بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے حیدر پورہ کے علاقے میں قبرستان کو بھی سیل کر دیا جہاں سید علی گیلانی کو سپردِ خاک کیا گیا۔

مرحوم سید علی گیلانی کے ایک رشتے دار نے بتایا ہے کہ حیدر پورہ کے قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے سید علی گیلانی کی تدفین کی گئی۔

واضح رہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی گزشتہ روز بھارتی قید میں انتقال کر گئے۔

انتقال کے وقت سید علی گیلانی کی عمر 92 سال تھی اور 12 برس سے انہیں بھارتی فوج نے گھر میں نظر بند کر رکھا تھا۔

سید علی گیلانی کشمیر پر بھارتی قبضے کے بڑے مخالف اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے علم بردار تھے۔

پاکستان میں سید علی گیلانی کی وفات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ان کی یاد میں ایک دن سرکاری سطح پر سوگ منایا جائے گا۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق، وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت حریت رہنماؤں اور پاکستان کے دیگر رہنماؤں نے سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین