• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیز بارشوں کی پیشگوئی، سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ

صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی تیز بارشوں کی پیشگوئی کے مد نظر سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بلدیاتی اداروں، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر بورڈ اور واسا کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ 

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور انہیں فیلڈ میں تعینات کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی افسر یا عملہ بغیر اجازت ہیڈ کوارٹرز نہیں چھوڑے گا۔ غفلت کے مرتکب افسران اور عملے کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ برساتی نالوں کے حساس مقامات اور چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی کی جائے۔ 

انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ نالوں سے کچرا ہٹاکر لینڈ فل سائٹس پر پراپر طریقے سے منتقل کیا جائے۔ کراچی واٹر بورڈ، واسا اور دیگر متعلقہ محکمے مین ہولز بند کریں تاکہ بارشوں میں شہریوں کو محفوظ رکھا جائے۔ شہروں سے سائن بورڈز اتارے جائیں اور انہیں محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ ملیریا اور ڈینگی کے مؤثر کنٹرول کے لیے اسپرے کا بندو بست کیا جائے اور  تمام ضروری مشینری، ایکوپمنٹ اور گاڑیاں تیار رکھی جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔

تازہ ترین