• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھوڑی دیر کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا


کراچی میں بارش کے بعد گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا مگر تھوڑی ہی دیر کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔

شہر میں مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے شہریوں کا موڈ خوشگوار بنا دیا۔

کراچی میں بارش کی ہیٹ ٹرک ہوگئی، آج بھی صبح کا آغاز حبس سے ہوا، لیکن دوپہر ہوتے ہی کالے بادل آئے اور گرمی کو بھگا کر لے گئے، پچھلے دو دنوں سے ہونے والی بارش مختلف علاقوں میں ہوئی تھی پر آج شہر میں تقریباً ہر جگہ ہی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں 41.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 33، نارتھ کراچی 28.2، جناح ٹرمینل 17.8ملی میٹر، سرجانی 17.6، پی اے ایف بیس فیصل 16.8، مسرور بیس 16 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ 15.5، کیماڑی 12.7، ڈی ایچ اے 11.6، اورنگی ٹاؤن 7.8  اور ناظم آباد میں 7.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کا ہونا تھا کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی بجلی نے اپنا سابقہ ریکارڈ قائم رکھا اور گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، ملیر، لانڈھی سمیت شہر کے بیشتر حصے میں بجلی غائب ہو گئی۔

کراچی میں بارش کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا اور قومی ایئرلائن سمیت نجی ایئر لائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

شہر میں بارش کے بعد ہمیشہ کی طرح اس بار بھی متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، صفورا چورنگی سے متصل روڈ تالاب کا منظر پیش کررہا تھا، شاہراہ فیصل میں نرسری کے مقام پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام ہوا، ناگن چورنگی پر بچوں کے اسکول کی وین پانی میں پھنس گئی جسے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

صوبائی دارالحکومت میں بارش رکنے کے بعد بڑی شاہراہوں سمیت کافی علاقوں سے پانی کا نکاس ہو گیا، تاہم شہر کی اندرونی سڑکوں پر سیوریج کے ناقص نظام کے باعث پانی اب بھی جمع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب سے بارش برسانے والے بادل شہر کا رخ کررہے ہیں۔ جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق اور مشرق سے مزید بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ جس کے باعث بارش برسانے والے سسٹم کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین